آنکھ کا روزن بند کریں اور دل کا دریچہ باز کریں
یادِ نبی میں آؤ ہم بھی نعتِ نبی آغاز کریں
سب سے اعلیٰ، سب سے بالا ان کے نور کا جھالا ہے
اس اِجلالِ نور سے پیدا ہم بھی سوز و ساز کریں
پورے شہرِ وجود میں گونجے نامِ محمد صل علیٰ
روح کے گنبد میں اک لمحہ پیدا یہ آواز کریں
ہم بھی آپ کی امت میں ہیں، ہم بھی آپ سے بیعت ہیں
اس خوش اقبالی پر اُتنا کم ہے جِتنا ناز کریں
آنکھیں سبز ہرے گنبد کی روز تلاوت کرتی ہیں
ہم کو اذنِ حضوری دے کر حضرت اور اعزاز کریں
آپ کے نقشِ کفِ پا سے جو بستی مایہ دار ہوئی
ہم بھی اس میں سر کے بل چل کر سر کو افراز کریں
فہرستِ خُدّام میں بے شک سب سے نچلا درجہ دیں
لیکن ہم کو پاس بلا کر مستقلاً ممتاز کریں
(ڈاکٹر تحسین فراقی)
Comments
Post a Comment